بندر سری بیگاوان (تازہ ترین) دنیا میں سب سے زیادہ مہنگی گاڑیاں رکھنے کا ریکارڈ مسلمان بادشاہ برونائی کے سلطان حسن البولکیا کے پا س ہے۔سلطان آف برونائی دنیا کی مہنگی ترین 7,000 کاروں کے مالک ہیں، جن کی کل مالیت 5ارب ڈالر (تقریباً 5کھرب پاکستانی روپے) سے بھی زائد ہے۔تفصیلات کے مطابق یہ ہزاروں گاڑیاں کسی عام گیراج میں نہیں بلکہ جہازوں کو کھڑا کرنے کیلئے بنائے گئے خاص ہینگرز میں پارک کی جاتی ہیں اور ان کی دیکھ بھال کیلئے سینکڑوں غیر ملکی ماہرین کو تعینات کیا گیا ہے، جن کے اخراجات مزید کروڑوں ڈالر ہیں۔سلطان نے اپنی قیمتی کاروں کی خاص دیکھ بھال کیلئے کاریں بنانے والی یورپی کمپنیوں کی خصوصی ٹیمیں تعینات کررکھی ہیں۔
اس حیرتناک کلیکشن میں چند ایسی کاریں بھی ہیں کہ جو دنیا میں کسی اور شخص کے پاس نہیں، کیونکہ انہیں خصوصی طور پر کروڑوں ڈالر کے عوض سلطان آف برونائی کیلئے تیار کیا گیا ہے۔ ایک ہی شخص کی ملکیت 7ہزار کاریں، جن کی مالیت اربوں ڈالر، ایسی مثال دنیا میں اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔