ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کے اینڈروئڈ موبائل آپریٹنگ سسٹم میں محققین نے ایک ایسے ’بگ‘ یعنی وائرس کا سراغ لگایا ہے جس سے کروڑوں موبائل فون متاثر ہوئے۔اس بگ کی مدد سے سمارٹ فون استعمال کرنے والے کسی بھی صارف کو تصویر یا ویڈیو پیغام بھیج کر اس کے فون کو نقصان پہنچایا جا سکتا ہے۔
گوگل کا کہنا ہے کہ اس نے اس مسئلے کو ٹھیک کر لیا ہے تاہم اب بھی لاکھوں فونز کے سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ محققین نے اس نقص کو بہت خطرناک قرار دیا ہے۔امریکہ کی انفارمیشن سکیورٹی کمپنی زمفیرم کا کہنا ہے کہ یہ اینڈروئڈ میں موجود مواد پر حملے کے حوالے سے بدترین چیز ہے۔ ایک اندازے کے مطابق اس سے 90 کروڑ پچاس لاکھ موبائل فونز متاثر ہوئے ہیں۔ ہیکرز ملٹی میڈیا مسیج میں وائرس سے متاثرہ کوڈ بھجوا سکتے ہیں جو کہ اینڈروئڈ میں موجود سٹیج فرائٹ نامی سروس تک رسائی حاصل کر سکتا ہے۔اور جب اسے یہ رسائی مل جاتی ہے تو پھر وہ ہینڈ سیٹ میں موجود ایپس اور دیگر مواد تک پہنچ جاتا ہے اور اس میں فون کے مالک کے کسی بھی ایکشن کی ضرورت نہیں ہوتی۔