آرمی پبلک سکول کا اعزاز

Army Public School achievementواشنگٹن (تازہ ترین) آرمی پبلک سکول پشاور کے وفد کا دورہ وائس آف امریکہ نا صرف آرمی پبلک سکول بلکہ ملک بھر کے لیے اعزاز ہے۔ اس سکول کا 15 افراد کا وفد وطن واپسی کے لیے روانہ ہو گیا۔ آرمی پبلک اسکول کے 12 طلبا، 2 اساتذہ اور ایک انتظامی افسر پر مشتمل وفد امریکی تھنک ٹینک، ’میریڈئین‘ کے توسط سے 26 جولائی 2015 کو واشنگٹن پہنچا تھا۔ ڈھائی ہفتوں کے مطالعاتی دورے کے بعد، وطن روانہ ہوگیا۔ دورے کے آخری دن، ’وائس آف امریکہ‘ میں پاکستانی وفد کے اعزاز میں شایانِ شان تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس دورے کے دوران پاکستانی طلبا کے وفد کے ہمراہ چار امریکی طلبا وفد میں شامل کیے گئے تا کہ دونوں ممالک کے طلبا ایک دوسرے کو سمجھ سکیں۔ انھوں نےنیویارک کے دارلحکومت، البانی میں مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ کیا اور ان تعلیمی اداروں کے سائنس اور ٹیکنالوجی کے ماہرین سے ملاقاتیں کیں؛ اور نیویارک شہر کے دورے میں، پولیس کے مسلم افسران کے ساتھ ایک کرکٹ میچ بھی کھیلا۔ دورے کے آخری دن، ان طلبہ نے واشنگٹن میں وائس آف امریکہ کا دورہ کیا، جہاں وفد نے ادارے کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ مہمان طلبہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے اردو سروس کے چیف فیض رحمٰن نے کہا کہ پوری دنیا پشاور کے ان مظلوم بچوں کے ساتھ بیتنے والی روداد سے آگاہ ہے۔ لیکن، ان کی بہادری نے قوموں کے لئے ایک مثال چھوڑی ہے۔ مہمان طلبہ کے لئے یوم آزادی کی مناسبت سے موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا۔ قومی نغمے ’دل دل پاکستان‘ پر شرکا نے دل کھول کر داد دی۔ طلبا بہت خوشی اور نئے عزم کے ساتھ وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔

Leave a Reply