تازہ ترین) تحریک انصاف کے اراکین کومسلسل 40 روز تک قومی اسمبلی سے غیر حاضر رہنے پر ڈی سیٹ کرنے کے لیئے قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم اور جمیعت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے پیش کی جانے والی تحاریک پرہونے والی ووٹنگ کو 4 اگست تک کے لیئے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر ایوان کو تقسیم کرنے کی بجائے افہام وتفہیم سے حل کیا جانا چاہیئے ۔ ہم باہر بیٹھ کر مشاورت کے ذریعے معاملہ حل کریں گے ۔ اس مسئلے کو مؤخر کیا جائے اور ووٹنگ نہ کرائی جائے ۔
یاد رہے کہ ایم کیو ایم اور جے یُو آئی (ف) کی جانب سے پیش کی جانے والی تحریک میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ پارٹی کے سربراہ عمران خان سمیت تحریک انصاف کے 28 ایم این ایز بناء کسی اطلاع کے اسمبلی اجلاس سے مسلسل 40 روز سے غیر حاضر ہیں لہذا آئین کے آرٹیکل 64 کی شق 2 کے تحت ان اراکین کی رُکنیت منسوخ کی جائے ۔