پودینہ خوش ذائقہ اور خوشبودار ہونے کے علاوہ طبی لحاظ سے بھی بہت مفید ہے۔ اس کا استعمال بد ہضمی، کھانسی اور زکام کے لیے کیا جاتا ہے مگر اس کے کئی بیش بہا فوائد موجود ہیں۔ پودینہ قدرت کی انمول نعمتوں میں سے ایک ہے۔
پودینہ نظام ہضم سے متعلقہ مریضوں کے لیے بے حد مفید ہے۔ بھوک لگاتا ہے، پیٹ پھولنا، قے آنا، پیٹ میں درد اور ہاضمے سے متعلق دوسرے مسائل کے علاج میں معاون ہے۔ یہ خون سے فاسد مواد کو خارج کرتا ہے۔ اس کی اسی خوبی کے باعث اسے یرقان میں استعمال کیا جاتا ہے۔ بھوک نہ لگتی ہو، جہ متلانے یا قے آںے کی شکایت ہو، رنگت زرد رہتی ہو تو پودینے کے جوشاندے کا استعمال کریں۔
پودینے کی چائے
پودینے کی چائے دن بھر کی تھکاوٹ دور کرنے کا آسان ترین نسخہ ہے۔ اس کے علاوہ بد ہضمی ، کھانسی اور زکام میں بھی بہت مفید ہے۔ نظامِ ہضم کی اصلاح کرتی ہے اور آنتوں کو صاف کرتی ہے۔ پودینے کی چائے سردرد کا بہترین علاج ہے۔ قے آنے کی صورت میں اس چائے میں لیموں ڈال کر پینے سے افاقہ ہوتا ہے۔ ایک کپ پودینے کی چائے سے دن بھر کی تھکاوٹ دور کی جا سکتی ہے۔ اسے بنانے کے لیے چند پودینے کے پتے پانی میں ڈالیں اور اسے کچھ منٹ کے لیے ابالیں، لیجیے چائے تیار ہے۔ حسبِ ذائقہ چینی ڈالیں اور پی لیں۔ اس میں لیموں کے چند قطرے ڈالنا اس کے فوائد میں اضافہ اور ذائقے کو بہتر کر دیتا ہے۔