گوگل نے ایک نئی کمپنی ’الفابیٹ‘ کے قیام کا اعلان کر دیا۔ انٹرنیٹ کی دنیا کی اہم ترین کمپنی گوگل نے ’الفابیٹ انک‘ کے نام سے نئی کمپنی قائم کی ہے۔ اس کے تحت گوگل اپنی سب سے زیادہ مقبول خدمات کا ریکارڈ اپنے پاس رکھ سکے گا۔ اس میں گوگل پر تلاش کی جانے والی چیزیں، ایپس، یو ٹیوب اور اینڈروائڈ شامل ہیں۔ الفابیٹ کے تحت کچھ نئے شعبوں کو بھی متعارف کروایا گیا ہے جو اسی کمپنی کے تحت چلائے جائیں گے۔ ان میں سرمایہ کاری اور تحقیق کا شعبہ، سمارٹ ہوم، یونٹ ’نیسٹ‘ اور ڈرون شامل ہیں۔ اس کمپنی کا اعلان کرتے ہوئے گوگل کے بانی لیری پیج کا کہنا ہے کہ گوگل مختلف اقسام کی خدمات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے اپنے بلاگ پر لکھا ہے کہ ’آج ہماری کمپنی اچھی طرح سے چل رہی ہے، لیکن ہمارے خیال سے ہم اسے مزید صاف و شفاف اور جوابدہ بنا سکتے ہیں۔ بنیادی بات یہ ہے کہ الفابیٹ کے تحت آنے والی کمپنیاں آزاد ہونی چاہیے اور انھیں اپنے برانڈ خود قائم کرنا چاہیے۔‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ گوگل اپنی اس نئی کمپنی سے زیادہ توجہ حاصل کر سکے گا۔ مسٹر پیج جو کہ الفابیٹ کے چیف ایگزیکیٹو ہوں گے، ان کا کہنا ہے کہ’’ کمپنی کا نام الفابیٹ منتخب کرنے کی دو وجہ ہیں۔ پہلی یہ کہ یہ نام زبان کی نمائندگی کرتا ہے اور ہم اسی بنیاد پر گوگل سرچ کو چلاتے ہیں۔ دوسری وجہ یہ ہے کہ الفابیٹ کا مطلب سرمایہ کاری میں ہدف سے زیادہ منافع ہوتا ہے جس کے لیے ہم کوشاں ہیں۔‘‘ کمپنی کے سی ای او بھارتی نژاد سندر پیچائی ہوں گے۔