دل کے دورے سے بچاؤ کے لیے ضروری ہے کہ آپ اس کی علامات سے آگاہ ہوں۔ اس کی علامات اور کیفیات سے آگہی سے ہی بروقت دل کے دورے سے بچا جا سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق غیر متوازن طرزِ زندگی، نا مناسب غذا کا استعمال، ذہنی تناؤ اور ورزش نا کرنا دل کے دورے کا سبب بن سکتا ہے۔ اگر سینے پر دباؤ محسوس ہو، غیر معمولی ٹھنڈے پسینے آرہے ہوں، پیٹ کے اوپر کی جانب شدید درد محسوس ہو رہا ہو، بائیں بازو میں درد ہو جو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہو رہا ہو، جبڑے میں درد ہو اور سانس لینے میں دقت کا سامنا ہو تو فوراً ای سی جی کروانی چاہیے۔ ان تمام علامات یا ان میں چند علامات کا ظاہر ہونا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ آپ کو طبی معائنے اور اسی سی جی کی ضرورت ہے۔ ان علامات کو نظر انداز مت کیجیے۔
خواتین میں دل کے دورے کی علامات مردوں سے مختلف ہو سکتی ہیں۔ مردوں کو سینے میں درد محسوس ہوتا ہے جب کہ خواتین کمر اور جبڑے میں درد محسوس کرتی ہیں۔ جب کہ سانس کی کمی کا سامنا دونوں کو ہو سکتا ہے۔ اگر آپ دل کے دورے سے بچنا چاہتے ہیں تو اپنی خوراک پر کنٹرول کریں، نیند پوری کریں، ذہنی تناؤ سے بچیں اور ورزش کو اپنے معمول کا حصہ بنا لیں۔ پھلیاں، ٹماٹر، ناشپاتی، کجھور، السی کے بیج اور ہری سبزیوں کا استعمال دل کو تقویت بخشتا ہے، ان کے استعمال سے دل کے دورے سے بچا جا سکتا ہے۔