واشنگٹن(تازہ ترین) وزیراعظم نواز شریف نےپاکستانی امریکن کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئےکہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی جڑ مسئلہ کشمیر ہےاور بھارت کے ساتھ ان تعلقات کی بحالی کے لئے مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ضروری ہے۔وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کی جانب سے خطے میں قیام امن کی کوششوں کی حوصلہ شکنی کی ہے۔اور پاکستان افغانستان میں بھی امن چاہتا ہےکیونکہ اس سے خطے میں خوشحالی آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ 2013 کے الیکشن کے بعد ملک میں ایک سیاسی جماعت نے ملک میں سیاسی بحران پیدا کرنے کی کوشش کی اور اب ضمنی انتخابات کے بعد بھی کہا جا رہا ہے کہ دھاندلی ہوئی ہے۔وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اب سڑکوں اور چوراہوں پر مہذب احتجاج کو مار دھاڑ تک لے جانا مناسب نہیں ہے۔یاد رہے کہ وزیراعظم اس وقت دورہِ امریکہ پر گئے ہیں اوردورہ امریکہ کے دوران صدر باراک اوباما سمیت امریکی امور خارجہ کمیٹی کے چیئرمین اور سینیٹ کی خارجہ تعلقات کی کمیٹی کے ارکان سے بھی ملاقات کریں گے۔