لاہور ائیر پورٹ کا مرکزی رن وے 11 دسمبر تک روزانہ 12 گھنٹے بند رہے گا

Lahore airport runway will remain closeلاہور (تازہ ترین ) لاہور ائیرپورٹ پر نئے آئی ایل ایس کیٹگری بی 3 سسٹم نصب کیا جا رہا ہے۔ اس کی تنصیب کا عمل 15 اگست سے شروع کر دیا جائے گا جس کی وجہ سے مرکزی رن وے 11 دسمبر تک روزانہ 12 گھنٹے تک بند رہے گا ۔ علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیرپورٹ لاہور کے ائیرپورٹ منیجر راشد حسین نے میڈیا کو گذشتہ روز بتایا کہ آئی ایل ایس کیٹگری بی 3 سسٹم کی تنصیب کا کام گذشتہ ماہ شروع ہوا تھا۔ اس کے تکنیکی سامان کی آمد شروع ہو چکی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سسٹم کی تنصیب 5 حصوں میں ہو گی جس میں سے پہلا اور دوسرا 15 اگست سے شروع ہو گا جو 11 دسمبر تک جاری رہے گا جس میں مرکزی رن وے کی کھدائی اور اس پر لائٹوں کی تنصیب کا کام کیا جائے گا ۔ تعمیراتی کام کے لئے رن وے صبح 8 سے دوپہر 2 بجے اور شام 5 بجے سے رات 11 بجے تک روزانہ بند رہے گا اور اس دوران کوئی فلائٹ بھی مرکزی رن وے پر نہیں اتر سکے گی بلکہ پرانے چھوٹے رن وے پر اترے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے سمیت تمام ائیر لائنوں سے مذاکرات مکمل ہو چکے ہیں اور صبح 8 بجے سے دوپہر 2 بجے اور شام 5 بجے سے رات 11 بجے تک کوئی بڑا طیارہ چھوٹے رن وے پر لینڈ نہیں کرے گا ۔ راشد حسین نے یہ بھی کہا کہ اس سلسلے میں پی آئی اے کی لاہور سے ٹورنٹو اور براستہ مانچسٹر ، نیویارک جانے والی پروازوں کا شیڈول تبدیل کرنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی رن وے بند ہونے کے باوجود 16 اگست سے شروع ہونے والا حج آپریشن متاثر نہیں ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ سسٹم کی تنصیب سے دھند میں بھی جہازوں کی لینڈنگ متاثر نہیں ہو گی۔ پہلے 3 سو میٹر تک دکھائی دینے پر جہاز کو لاہور ائیرپورٹ پر اتارا جاتا تھا اب صرف 50 میٹرتک دکھائی دینے پر بھی جہاز لاہور ائیرپورٹ پر اتر سکے گا ۔

Leave a Reply