کراچی (تازہ ترین)کراچی کے کمشنرشعیب احمد صدیقی کی صدارت میں یومِ آزادی پر مزار قائد پر پرچم کشائی کی تقریب کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس اجلاس میں بتا یا گیا کہ مزار قائد پر پرچم کشائی کی تقریب کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ کمشنر شعیب احمد نے کہا کہ جشن آزادی ہر سال کی طرح شایانِ شان طریقہ سے منایا جائے گا۔ اس موقع پرعمارتوں کی بہترین سجاوٹ پر اسناد دی جائیں گی۔ یوم آزادی پر قیام امن کے شہدا کو خراج عقیدت بھی پیش کیا جا ئے گا۔ کراچی شہر میں جشن آزادی کی تقریبا ت کے آغاز کے لیے نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی، خوشحالی اورمستحکم پاکستان کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔ اجلاس کے بعد ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی آغا پرویز میڈیا کو انتظامات کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جشن آزادی کی مر کزی تقریب بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر منعقد ہوگی ۔ تقریب میں گورنرسندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ پرچم کشائی کریں گے، پھولوں کی چادر چڑھائیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے۔ اس تقریب میں صوبائی کابینہ کے ارکان، کمشنر کراچی اعلیٰ فوجی اور سول حکام شریک ہوں گے۔ تقریب میں سکولوں کے طلبا و طالبات ملی نغمے پیش کریں گے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اس موقع پر عمارتوں کو شایان شان طریقہ سے سجانے اورچراغاں کر نے کی حو صلہ افزائی کی جائے گی۔مزید کہا گیا کہ سرکاری و غیر سرکای عمارتوں کو یوم آزادی کے حوالے سے سجائے جانے پر تعریفی اسناد و انعامات دیئے جائیں گے۔ بہترین سجاوٹ کا انتخاب کر نے کے لئے کمیٹی قا ئم کی گئی ہے۔ جس کے سربراہ ایڈیشنل کمشنرہوں گے۔