اسلام آباد (تازہ ترین) پاکستان کی قومی اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ اور جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کی رکنیت ختم کرنے کے حوالے سے ایوان میں پیش کی گئی تحاریک واپس لے لی گئی ہیں ۔ دونوں جماعتوں کی طرف سےتحاریک 22 اپریل کو پیش کی گئی تھیں۔
ان تحاریک میں آئین کے آرٹیکل 64 کی شق نمبر دو کا حوالے دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ تحریکِ انصاف کے اراکانِ اسمبلی دھرنوں کے دوران 40 دن سے زیادہ عرصے تک ایوان سے بغیر اطلاع دیے غیر حاضر رہے لہٰذا ان کی رکنیت ختم کی جائے اور الیکشن کمیشن ان28 نشستوں پر ضمنی انتخابات کروائے ۔سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی سربراہی میں قومی اسمبلی کا اجلاس جمعرات کو شروع ہوا تو اس تحریک کو واپس لینے کے بعد جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کی درخواست اور نمائندہ ٹیم سے مشاورت کے بعد انھوں نے قرارداد واپس لی ہے۔