اسلام آباد(تازہ ترین)سیکرٹری الیکشن کمیشن بابریعقوب فتح محمد کا کہنا ہے کہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر فوج کی تعیناتی ممکن نہیں حساس پولنگ اسٹیشنزکی درخواست کے بعدفوج کی تعیناتی کافیصلہ ہوگا جبکہ پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں فوج تعینات کرنے کیلئے خط لکھ دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ سندھ کی جانب سے فوج کی تعیناتی سے متعلق رپورٹ آج ملے گی جبکہ پنجاب کے حساس پولنگ اسٹیشنزمیں فوج تعیناتی کی درخواست مل گئی ہے، حساس پولنگ اسٹیشنزکی رپورٹ کے بعدفوج کی تعیناتی کافیصلہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی معاملات اورفوج کی تعیناتی کا فیصلہ آیندہ ہفتے تک کیاجائےگا، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں سیکیورٹی سے متعلق اجلاس 13 نومبر کو ہوگا جبکہ سندھ کی سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے 9 نومبر کو حیدرآباد میں اجلاس ہوگا۔