کراچی(تازہ ترین) پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ کے فیصلے کو مان لیا۔ کراچی کے تمام نجی اسکول وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے فیصلے کے تحت اب 11 اگست سے ہی کھولے جائیں گے
۔ اتوار کی رات 12 بجے پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے اپنی ضد چھوڑتے ہوئے سندھ حکومت کی بات مان لی اور سندھ حکومت کے اعلان کے مطابق کراچی کے نجی اسکول منگل 11 اگست سے کھولنے کا اعلان کیا جس سے والدین اور بچوں کی پریشانی ختم ہوئی۔کیونکہ تعطیلات ختم ہونے کے باوجود کوئی واضح فیصلہ سامنے نہ آنے پر والدین اور بچے پریشانی کا شکار تھے۔سندھ میں سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر حکومت سندھ نے موسم گرما کی تعطیلات کے بعد اسکول پیر 3 اگست کے بجائے منگل 11 اگست سے کھولنے کا اعلان کیا تھا لیکن کراچی میں نہ تو موسلا دھار بارش ہے نہ ہی سیلاب جس کے باعث پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن حکومت سندھ کا فیصلہ ماننے سے انکار کرتے ہوئے اسکول مقررہ تاریخ پر ہی کھولنے کیلئے بضد تھی۔