لاہور (تازہ ترین) گزشتہ روز لاہور ائیر پورٹ سے فرار ہوجانے والے بھارتی گلوکار سکھبیر سنگھ دبئی پہنچ گئے۔ بھارتی پنجابی گلوکار سکھبیر سنگھ پاکستان میں سابق سنیٹر گلزار کے بھانجے اور ایک تاجر کی شادی میں شرکت کے لیے آئے تھے۔ جہاں انہیں معاہدہ کے مطابق روپوں کی جگہ ڈالرز میں قیمت ادا کی گئی تھی۔ کسی دوسرے ملک ڈالرز لے جانے کی حد دس ہزار ڈالر ہے جب کہ سکھبیر سنگھ اپنے ساتھ 27 ہزار ڈالر لے کر جا رہے تھے جس کی وجہ سے انہیں ائیر پورٹ پر پکڑ لیا گیا مگر وہ تفتیش کے دوران ہی فرار ہو گئےتھے۔ بعد میں سکھبیر ائیر پورٹ پہنچے جہاں انہوں نے ائیر پورٹ کے عملہ سے ملی بھگت کی اور ڈالرز کو درہم میں تبدیل کر کے لاہور سے دبئی کے لیے روانہ ہو گئے۔ سکھبیر تو بآسانی فرار ہو گئے جب کہ دوسری طرف راحت فتح علی خان کے بھارت میں کرنسی سمیت پکڑے جانے پر بھارتی حکام نے ٹیکس کی باقاعدی وصولی کی تھی۔