اسلام آباد (تازہ ترین) یومِ آزادی کے موقع پر سانحہ پشاور میں ملوث دہشتگرودوں کو سزائے موت دے کر فوج نے ایک عظیم کارنامہ انجام دیا ہے۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے پشاور کے معصوم بچوں کے قاتلوں کو سزا سنائے جانے پر دلی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کی کمر توڑنے میں ہماری فوج کا کردار مثالی ہے۔ پاکستان سے دہشتگردی کا جلد خاتمہ ہوگا۔ فوجی عدالتوں کے قیام کا فیصلہ مشکل تھا، یہ فیصلہ ملک کی خاطر کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مجرمانہ اور منافقانہ کارروائیوں کا پاکستان سے جلد خاتمہ ہو جائے گا۔ فوجی عدالتوں کی جانب سے سانحہ پشاور اور سانحہ صفورہ کے مجرمان کو دی گئی سزائوں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ ’مجھے یہ جان کر اطمینان ہوا کہ پشاور کے معصوم اور ننھے سے پھولوں کو بے دردی اور بہیمانہ طور پر شہید کرنے والے درندے کیفر کردار کو پہنچے۔ یہ پیارے شہید بچے والدین کو واپس تو نہ مل سکیں گے لیکن دہشت گردوں کی سزائوں سے ہم سب کو اور والدین کو یہ تو احساس ہو رہا ہے کہ مجرمانہ اور منافقانہ کارروائیوں کا انشاء اللہ پاکستان سے عنقریب مکمل خاتمہ ہوجائے گا۔‘ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پارلیمنٹ، سپریم کورٹ اور فوجی عدالتوں نے اس سلسلے میں اپنا اپنا کردار جس طریقہ سے ادا کیا وہ قابلِ تحسین ہے۔ ملک کے تمام مسائل کا حل جمہوری اقدار کو بلند کرتے ہوئے تمام اداروں کے باہمی تعاون سے ہی ممکن ہے۔ اس سلسلے میں دہشت گردی کی کمر توڑنے میں ہماری افواج کا کردارمثالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ وہ دن دور نہیں جب ہم اتحاد اور باہمی تعاون سے ملک کے مسائل حل کرنے میں انشاء اللہ کامیاب ہو جائیں گے۔ اس سال کا یومِ آزادی امن وامان کے حوالے سے پچھلے یوم آزادی سے کئی درجے بہتر اور پرامن ہے اور میری اللہ سے دُعا ہے کہ اگلا آنے والا یوم آزادی دہشت گردی اور انتہا پسندی سے پاک ہو۔