اسلام آباد (تازہ ترین)سعودی وزارت حج کے آن لائن ای نمبر سسٹم میں فنی خرابی کی وجہ سے دنیا بھر کا عمرہ ویزہ سسٹم رک گیا ہے ۔ عمرہ زائرین کو ہوائی ٹکٹوں کے سلسے میں کروڑوں روپے کا نقصان ہوا سعودی سفارتخانے سے فی الفور اصلاح احوال کا مطالبہ کیا گیا ہے- عمرہ زائرین کیلئے ویزوں کے اجراء کے آن لائن سعودی نظام میں تکنیکی خرابی کے باعث عمرہ ویزوں کے اجراءکا نظام پیر سے تعطل کا شکار ہے-
عمرہ کمپنی کے ذرائع نے بتایا کہ سعودی وزارت حج کی طرف سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں رواں سال کیلئے عمرہ ویزوں کے اجراءکیلئے بنائے گئے آن لائن نظام میں تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ عمرہ ویزہ کی سعودی عرب سے منظوری آنے کے باوجود ای نمبر نکالنے کا سسٹم پچھلے دو روز سے خراب ہے جس کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر کے عمرہ زائرین شدید پریشانی کا شکار ہیں-
تاہم عمرہ زائرین نے اسلام آباد میں سعودی سفارتخانے سے درخواست کی ہے کہ انہوں نے کئی کئی ماہ پہلے سے عمرہ ٹکٹیں بک کروا کے عمرے پر جانے کا اپنا پروگرام فائنل کیا ہوا ہے تاہم ویزہ نہ لگنے کی وجہ سے انہیں عمرہ ٹکٹوں کی تبدیلی اور ری فنڈ کی مد میں شدید نقصان اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے سعودی سفارتخانے سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے کی سنگینی کے پیش نظر عمرہ سسٹم میں تکنیکی خرابی کو جلد از جلد دور کیا جائے۔