شمالی کوریا (تازہ ترین)شمالی کوریاکے رہنما کِم جونگ ان نے جنوبی کوریا کے ساتھ جمعرات کو ہونے والی سرحدی جھڑپ کے بعد اپنی فوج کو اگلے محاذ پر جنگ کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے سی این اے کے مطابق کِم جونگ ان نے جمعرات کی رات گئے ایک ہنگامی اجلاس کے بعد ’نیم حالتِ جنگ‘ کا اعلان کیا۔شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کو پیانگ یانگ مخالف پیغامات پر مبنی نشریات بند نہ کرنے کی صورت میں فوجی کارروائی کی دھمکی دی ہے۔دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے بعد یہ پہلا موقع نہیں کہ شمالی کوریا کی جانب سے شدید بیان بازی کی گئی ہو۔ ماضی میں اکثر ایسا ہوتا رہا ہے۔جنوبی کوریا میں موجود بی بی سی کے نامہ نگار سٹیو ایونز کہتے ہیں کہ جب بھی دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی بڑھتی ہے تو جارحانہ لہجہ اپنایا جاتا ہے تاہم اس بار نہ صرف لہجوں میں زیادہ تلخی ہے بلکہ گولہ باری بھی کی گئی ہے۔